دادو(نمائندہ جسارت) جعلی نکاح نامے کے ذریعے بلیک میلنگ سے تنگ خودکشی کرنے والی نوابشاہ کے پیپلزمیڈیکل کالج کی فورتھ ائر کی طالبہ ڈاکٹر عصمت جمیل طور کیس کا مرکزی ملزم شمن سولنگی کو 7 روز گزرنے کے باوجود پولیس گرفتار نہ کرسکی ،ملزم کی عدم گرفتاری کے باعث طالبہ کے بھائی نادر جمیل طور سید صداقت علی شاہ، ڈاکٹر محمد بخش اور دیگر سول سوسائٹی کے نمائندے اور شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ریلی نکال کر پریس کلب سیتا روڈ پہنچ کر احتجاج اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عصمت جمیل کی جان پولیس کی نااہلی کے باعث گئی ہے اگر پولیس بر وقت کارروائی کرتی تو عصمت بچ جاتی۔ 7 روز گزر چکے ہیں،پولیس مرکزی ملزم شمن سولنگی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عصمت کے بھائی نادر جمیل طور مظاہرے میں خطاب کے دوران بہن کا درد بیان کرتے رو پڑا۔