سرحد پر باڑ افغان حکومت کی رضامندی سے مکمل ہوگی،شیخ رشید

190

اسلام آباد( خبر ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چاروں شریف سیاست سے مائنس ہوچکے ہیں ،یہ چاہتے ہیں کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر ہے وہ ان کے سر پر آجائے لیکن وہ ہاتھ اس بار ان کے سرپر نہیں گردن پر آئے گا ۔ نواز شریف سے زیادہ شہباز شریف کرپٹ ہیں۔خوشی سے کوئی بھی آئی ایم ایف نہیں جاتا، آئی ایم ایف جانا ہماری مجبوری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف آنا چاہتے ہیں آئیںنہیں آنا چاہتے نہ آ ئیں وہ موسم بہار کے انتظار میں ہیں۔ شہباز شریف نواز شریف سے زیادہ کر پٹ ہیں راتیں،باتیں اور ملاقاتیں چلتی رہتی ہیں لیکن میں پاکستان میں نواز شریف کی سیاست نہیں دیکھ رہا ، چاروں شریف سیاست سے مائنس ہیں، میں سیاست میں ہمیشہ نمبر ون سے دوستی اور نمبر ون سے ہی لڑائی کرتا ہوں، کل جو کچھ اپوزیشن کے ساتھ ہوا اب ان کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیاں ہیں، اندھی اپوزیشن دو دو لانگ مارچ کر رہی ہے، ایک مرتبہ ہی کرو تاکہ ٹوکرہ آپ پر رکھ دیا جائے، لانگ یا لونگ مارچ کریں کچھ بھی کریں، شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت 3 مہینوں کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دے گی، اپریل کے مہینے میں مہنگائی کی صورتحال بہت بہتر ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے راستے میں کوئی رکاؤٹ نہیں ڈالیں گے جب تک آپ راستوں پر رکاوٹ نہیں کہیں گے، چار مہینے بعد بلدیاتی انتخاب ہیں اور 23 مارچ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم لوگ آرہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کو پاکستان کی تاریخی پریڈ ہے، بطور وزیرداخلہ میری اطلاع کے مطابق جس میں چین کے جے ٹین سی بی فلائنگ پاس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اگلے مہینے چین جارہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت 180 ارب روپے ایک کروڑ 50 لاکھ افراد میں تقسیم کیا گیا ہے جو انتہائی غریب لوگوں کو ریلیف دی گئی ہے۔پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ باڑ 2600 کلومیٹر لگ گئی ہے اور 21 کلومیٹر رہ گئی ہے اور 21 کلومیٹر بھی ان کی رضامندی اور ان کو ساتھ لے کر لگ جائے گی۔