لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی زندگیوں کو قابل رحم بنانے پرپی ٹی آئی کو معاف نہیں کریں گے۔ اپنی ٹویٹ میں منی بجٹ بل کی منظوری پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کل کا دن پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، حکومت نے پہلے سے مہنگائی میں پسے عوام پر منی بجٹ مسلط کردیا۔ عوام زندگیوں کو قابل رحم بنانے پرپی ٹی آئی کو معاف نہیں کریں گے، بس یہ کچھ وقت کی بات ہے عوام انہیں ووٹ کی طاقت سے دفن کر دیں گے ۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چودھری کے شعری تبصرے کا مرحوم شاعر راحت اندوری کے شعر کے ذریعے جواب دیتے ہوئیکہا ہے کہ جھوٹوں نے جھوٹوں سے کہا ہے سچ بولو۔ سرکاری اعلان ہوا ہے سچ بولو۔ گھر کے اندر جھوٹوں کی اک منڈی ہے۔ دروازے پر لکھا ہوا ہے سچ بولو۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا جھوٹ کا صرف ایک چہرہ ہے جس کا نام عمران خان ہے جس کی گواہی 22کروڑ عوام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام معاشی تباہی ، بے روزگاری اور مہنگائی برپا کرنے والے چہرے پہچان چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا عوام ملک کی معاشی سالمیت اور خودمختاری کو آئی کے حوالے کرنے والوں کے چہرے پہچان چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا جھوٹے چہرے نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا، آئی ایم ایف نہیں جائوں گا،ایک کروڑ نوکری اور 50لاکھ گھر دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے عوام کو چہرہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ منی بجٹ مسلط کرنے والے غریب دشمن کرپٹ مافیاز کے چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں،ملک پر مہنگائی کی قیامت نازل کرنے والوں کے چہرے قوم پہچان چکی ہے۔ عام انتخابات پی ٹی آئی کا آخری انتخاب ثابت ہوگا۔ آٹا، چینی، گھی، بجلی گیس، دوائی، کھاد، روزگار، ڈالر چور چہروں سے قوم کو ہمیشہ کے لیے نجات ملنے والی ہے۔