پی ایس ایل نشریاتی حقوق،جوائنٹ وینچر کیخلاف درخواست دائر

449

لاہور(آئی این پی)پی ایس ایل 7/8 کے لیے پی ٹی وی اور اے آر وائی کے درمیان جوائنٹ وینچرکو اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔پچھلے پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق جیتنے والی اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن فائل کردی جس میں وزارت اطلاعات و نشریات، پی ٹی وی، اے آر وائی اور ڈائریکٹر اسپورٹس پی ٹی وی نعمان نیاز کو فریق بنایا گیا ہے۔فرم نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ٹی وی اور اے آر وائی کے جوائنٹ وینچر کو غیر قانونی قرار دیا جائے، یہ جوائنٹ وینچر غیرشفاف طریقے سے عمل میں آیا جس سے پی ٹی وی کو نقصان ہوا۔فرم نے درخواست میں لکھا کہ انہیں میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ جیو سوپر کے کیس میں پی ٹی وی نے عدالت میں دعوی کیا کہ جوائنٹ وینچر شفافیت سے کیا گیا جب کہ حقیقت حال یہ ہے کہ 10اگست کے پیش کشوں کی طلبی کے اشتہار کے جواب میں جب اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے اپنی پیشکش پی ٹی وی کو دی تو جواب میں پی ٹی وی نے بتایا کہ یہ اشتہار آئی سی سی ایونٹ کے لیے ہے، پی ایس ایل 7/8 کے لیے نہیں لیکن پی ٹی وی کی 24 دسمبر کی پریس ریلیز سے پتا چلا کہ یہ جوائنٹ وینچر تو پی ایس ایل 7/8 کے لیے تھا۔اسپورٹس مارکیٹنگ فرم نے لکھا کہ پی ٹی وی اور اے آر وائی کا جوائنٹ وینچر قانون کی خلاف ورزی ہے، عوام سے بجلی کے بلوں کے ذریعے 35 روپے لائسنس فیس وصول کرنے والا پی ٹی وی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا جو کسی پرائیویٹ فریق کو فائدہ پہنچائے۔