جمیکا(جسارت نیوز)آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز آج سے ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔کیربیئن جزائر میں 16ٹیموں کے مابین ہونے والے ایونٹ کا فائنل میچ آئندہ ماہ 5 فروری کو کھیلا جائے گا۔انڈر19ورلڈ کپ کے افتتاحی روز 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ مین میزبان ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا جبکہ دوسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے انڈر نائٹین ورلڈکپ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی۔آئی سی سی کے مطابق افغانستان ٹیم کے تاخیر سے ویسٹ انڈیز پہنچنے پر کورونا پروٹولز کے باعث شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ سفر کے لیے ضروری ویزا حاصل کرنے کے بعد افغانستان ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچے گی اور اپنی مطلوبہ قرنطینہ مدت سے گزرے گی۔افغان ٹیم کی تاخیر سے آمد پر میچز کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی ہے ۔زمبابوے اور پی این جی کامیچ 20کے بجائے 15 جنوری کو ہو گا۔ پاکستان اور زمبابوے کا میچ 22کے بجائے17جنوری کو ہو گا جب کہ پاکستان اورپی این جی کا 15جنوری شیڈول میچ 22تاریخ کو ہو گا۔