اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ ان کی اپنی جماعت کا سلوک دراصل ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے، چند دن کی وزارت عظمیٰ کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا گھاٹے کا سودا ہے، یہ ابھی صرف شروعات ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان صاحب کی اپنی جماعت ان کے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے، جھوٹے، سازشی اور ظالم شخص کا یہی انجام ہوتا ہے۔یہی اللّہ کا نظام ہے جس پر دنیا چلتی ہے۔ چند دن کی وزارت عظمی کی خاطر جرائم سے اپنے ہاتھ رنگ لینا اور نشانِ عبرت بن جانا گھاٹے کا سودا ہے۔ یہ ابھی صرف شروعات ہے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نااہلی نالائقی ساری دنیا کے سامنے ہے، مری میں لوگ برفباری سے نہیں حکومت کی بے حسی سے مرے ہیں، حکمران بنی گالہ، پی ایم اور سی ایم ہاو¿س میں ہیٹر لگا کر سوتے رہے اور عوام مرتے رہے۔مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کو گھر بھجوانے کے لیے کوئی طریقہ اپنانا چاہیے، پہلے مجھے لگتا تھا کہ اس حکومت کو مدت پوری کرنی چاہیے، اس حکومت کو گھر بھیجنے کےلیے کوئی بھی طریقہ آزمانا پڑا تو آزمانا چاہیے۔