اسلام آباد (نمائندہ جسارت) مری میں برف باری کے باعث ہلاکتوں کے معاملے پر عدالت عظمیٰ میں ازخود نوٹس لینے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ شہری عبیدالرحمن عباسی کی جانب سے دائر درخواست میں چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد سے ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ مری میں برف باری کے باعث ہلاکتوں کے ذمے داران کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کی نشاندہی کر کے حقائق سامنے لائے جائیں، مری کے داخلی اور خارجی راستوں کو بہتر بنایا جائے۔ درخواست میں مری کے ہوٹلوں کے ریٹس منظم کرنے اور سیاحوں کو لوٹنے والی مافیاز کو کٹہرے میں لانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔