ریاض: سعودی عرب کی تیل کی بڑی کمپنی آرامکو اور چین کی بلڈنگ میٹریل اکیڈمی (سی بی ایم اے)نے عمارت سازی اور تعمیراتی شعبے میں غیردھاتی مواد کے استعمال کومزید فروغ دینے کے لیے این ایکسل کے نام سے ایک نیاغیردھاتی فضیلت اوراختراعی مرکزقائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق یہ مرکز بیجنگ میں واقع ہوگا اوروہاں منعقدہ ایک تقریب میں اس کا افتتاح کیا گیا ۔بیان کے مطابق این ایکسل غیردھاتی ٹیکنالوجی کی ترقی اور اطلاق کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اپنے دھاتی متبادل پر بہترلائف سائیکل لاگت، کارکردگی اور ماحولیاتی فوائدپیش کرتی ہے۔سعودی آرامکو میں ٹیکنیکل سروسزکے سینیرنائب صدر احمد اے الساعدی کے مطابق آرامکو20 سال سے زیادہ عرصے سے اپنی سرگرمیوں میں غیردھاتی حل تیاراوراستعمال کررہی ہے۔
الساعدی نے مزیدکہا کہ ہم چین بلڈنگ میٹریل اکیڈمی کے ساتھ اس اہم منصوبہ کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں تاکہ چین میں تعمیرات میں غیردھاتی اشیا کے استعمال کو مشترکہ طور پرفروغ دیاجا سکے۔دریں اثنا چائنا نیشنل بلڈنگ میٹریل گروپ (سی این بی ایم)کے نائب صدر ژان یان جنگ نے کہا کہ یہ شراکت داری سبز، کم کاربن حل کی تعمیرکی جانب ایک اہم اقدام ہے۔
این ایکسل کا مقصد تحقیق وترقی، معیارات کی بہتری، پیشہ ورانہ بہتری اور بین الاقوامی رسائی کے حامل مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرکے غیردھاتی ٹیکنالوجیزکی ترقی اوراطلاق کو فروغ دینا ہے۔یہ مرکز اس مواد کے استعمال کو وسعت اور فروغ دینے کے لیے ایک مشترکہ عالمی پلیٹ فارم بھی تشکیل دے گا۔