اسلام آباد: بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ملاقات میں سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، آغا حسن بلوچ، میر ہاشم نوتیزئی، مفتی ابرار احمد شریک، اسلم غوری نے شرکت کی ۔ سردار اختر مینگل نے کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دی۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے میڈیا کو بتایا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی ہے ۔ ملاقات میں منی بجٹ پر دونوں رہنماؤں نے تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ملاقات میں پارلیمان کے اندر اور باہر ملکر حکومت کو بھرپور ٹف ٹائم دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان نے کہا ملک میں بڑھتی مہنگائی کے باعث عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔ 2022 نا اہل حکمرانوں کا آخری سال ہے، جلد قوم کو خوشخبری ملے گی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نا اہل حکمران عوام کو حساب کتاب دینے کیلئے تیار ہوجائے۔
انہوں نے کہا اسٹیٹ بنک جیسے خودمختار ادارے کو گروی رکھوانے کی تیاری مکمل ہوگئی ہے۔ ملاقات کے دوران اختر مینگل نے کہا نا لائق حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوادیا ہے۔ انہوں نے کہا نا لائق حکمرانوں کا ہر پلیٹ فارم پر بھرپور مقابلہ کریں گے۔