پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی، شہباز شریف

261

مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں ،  عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے ،پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے امکان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹراضافے کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کے خدشات ہیں اور حکومت فی الفور مارکیٹ میں پھیلنے والی اطلاعات پر اقدام کرے۔ ملک میں ذخیرہ اندوزی نہ ہونے دی جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عام صارفین کے حقوق کا تحفظ حکومت کی قانونی وانتظامی ذمہ داری ہے اور میں پہلے سے خبردار کر رہا ہوں کہ پٹرول بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی آگ کو مزید تیز کر دے گا۔ روز ایک نیا حادثہ بتاتا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ گندم، کبھی آٹا، چینی تو کبھی کھاد اور پٹرول بحران قوم پر نازل ہو رہے ہیں۔