شہباز شریف پر جسکو فائدہ دینے کا الزام تھا وہ عرب شیخ وزیر اعظم سے ملنے جارہا ہے،بشیر میمن

306

سابق ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کا کہنا ہےکہ انہیں بغیر ثبوت شریف فیملی کے ارکان پر کیسز بنانے کا کہا گیا۔ شہباز شریف پر جس عرب شیخ کو فائدہ دینے کا الزام عائد کیا گیا وہ اب وزیر اعظم سے ملنے جا رہا ہے

لاہور کی سیشن عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بشیر میمن نے کہا کہ یہ کیس میرے سامنے آیا تھا، مجھے بھی کہا گیا تھا، شہباز شریف کی فائل دیکھ کر بتا دیا تھا کہ منی لانڈرنگ کیس نہیں بنتا۔

بشیر میمن کے مطابق شہباز شریف پر جس عرب شیخ کو فائدہ دینے کا الزام عائد کیا گیا وہ اب وزیر اعظم سے ملنے جا رہا ہے، اس کی کئی وزرا کے ساتھ تصاویر بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے شریف فیملی کے خلاف کیسز بنانے کا کہا گیا، ایک انٹرویو میں جو باتیں کیں حکومت نے پرکھنے کی بجائے ان پر ہی الزامات لگا دیے۔

سابق ڈی جی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ٹرولز تنخواہ لے کر لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔

بشیر میمن نے ایف آئی اے کے حکام بالا سے اپیل کی کہ وہ ادارے کی ساکھ کو نقصان نہ پہنچائیں۔