شہباز شریف کی بلاول بھٹو کی تقریر کی تعریف 

253

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے حکومتی بینچوں کی پہلی دونوں لائنیں خالی ہونے کی بھی نشاندہی کردی۔

بدھ کو قومی اسمبلی  اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کے بعد شہباز شریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کل جب میں نے اپنی تقریر ختم کردی تو اسد عمر کھڑے ہوئے اور میرا خیال تھا کہ وہ جس موضوع پر میں نے بات کی تھی اس کا جواب دیں گے، انہوں نے انتہائی نازیبا باتیں شروع کردیں، جس کا نہ صرف اس موضوع سے کوئی تعلق تھا نہ  میری تقریر کے حوالے سے کوئی تردید تھی۔

آج بلاول بھٹو نے بڑی پرمغز تقریر کی ہے اورمنی بل کا احاطہ کیامگر دونوں پہلے سرکاری بینچ خالی   پڑے  ہیں، یہ ہے عالم حکومت کی دلچسپی کا، یا تو اجلاس کو روک کر ان کو بلائیں ورنہ ایوان کا وقت ضائع نہ کریں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے بات کرنا شروع کی تو مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی رانا ثناء اللہ خان نے وزیر خزانہ کی عدم موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے کورم کی نشاندہی کردی۔ ڈپٹی اسپیکر نے کورم پورا ہونے تک اجلاس ملتوی کردیا۔