شہر قائد کا اگلا میئر چیئر مین بلاول بھٹو کا نامزد کردہ جیالا ہوگا ،سعید غنی  

212

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہاکہ ہم شہروں پر نہیں عوام کے دلوں پر قبضے پر یقین رکھتے ہیں ماضی میں شہر پر اپنا قبضہ جمائے رکھنے والوں نے عوام کو لاشوں اور لاقانونیت اور نفرت کا تحفہ دیا اب عوام اُن کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہونے دینگے پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں گھر کرچکی ہے انشا اللہ شہر قائد کا اگلا میئر چیئر مین بلاول بھٹو کا نامزد کردہ جیالا ہوگا جو شہید بھٹو اور شہید رانی کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے شہر کراچی میگا میٹروپولیٹن سٹی اور عوام کو مسائل سے نجات دلا ئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پی پی پی ڈسٹرکٹ کورنگی سٹی ایریا PS-120کے تحت شاہ فیصل کالونی عظیم پورہ پر عظیم الشان شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسے سے پی پی پی سندھ کے صدر وقار مہدی ،کراچی ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات و صوبائی وزیر شہلا رضا، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات ایم آصف خان، شکیل چوہدری ،ڈسٹرکٹ کورنگی کے صدر جاوید شیخ ،سیکریٹری اطلاعات جانی میمن ،شعبہ خواتین ڈسٹرکٹ کورنگی کی صدر روہینہ ابرار سٹی ایریاPS-120کے صدر عبدالرحمن باجوہ نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سٹی ایریاز ،یوسیز ،پیپلز یوتھ ،پی ایس ایف، شعبہ خواتین ،سٹی ایریاز ،یوسیز کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

جلسہ عام میں مسلم لیگ(ن)، پی ٹی آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے عہدیدران اور مختلف برادریوں کے معززین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔سعید غنی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ شہر کراچی کی عوام لاشوں اور نفرتوں کی سیاست کرنے والوں کا بوریا بستر گول کرچکے ہیں،شہر کو نفرت اور عصبیت کی سیاست کے ذریعے اپنی سیاسی دوکان چمکنانے والوں نے شہر کراچی کو تباہ اور عوام کو مسائل سے دو چار کرکے رکھ دیا۔

سعید غنی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت شہر کراچی میں میگا پروجیکٹس پر کام جاری رکھے ہوئے صرف ضلع کورنگی میں اربوں کے عوامی ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا گیا اور متعدد پر اب بھی کام جاری ہے انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی یکساں بنیادوں پر شہر کراچی کے تمام علاقوں کو ترقی دینے پر یقین رکھتی ہے انشا اللہ کراچی کی عوام بہت جلد شہر کی ترقی اور اپنے مسائل کے حل کے حوالے سے شہر میں بڑی تبدیلی کو محسوس کرینگے ۔