سانحہ مری سمیت دو تحاریک التواء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

348

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے  سانحہ مری سمیت دو تحاریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادیں۔

تحاریک کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کھاد نایاب ہوگئی ہے اورکھاد کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر پہنچ گئی ہے ،کسان گندم کی فصل لگانے کے لیے کھاد کی عدم دستیابی سے پریشان ہیں،سرکاری نرخوں پر کھاد کی ایک یا دو بوری سے کسانوں کی ضرورت پوری نہیں ہوتی ،یوریا فی بیگ ایک ہزار روپے اضافے کے دو ہزار آٹھ سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، کھادکی بلیک مارکیٹنگ نے ضلع چنیوٹ اور فیصل آباد سمیت صوبے بھر کے کسانوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ سانحہ مری میں 23 سے زیادہ افراد بے یار و مدد گار جاںبحق ہوئے جن میں عورتیں اور معصوم بچے بھی شامل تھے ،مری میں ٹریفک انتظامات اور سڑکوں سے برف ہٹانے کا مناسب بندوبست نہیں تھا،ہوٹل مالکان نے ایک کمرے کا رینٹ پانچ ہزار کی بجائے پچاس ہزار تک وصول کیا، گاڑی کی پارکنگ فیس پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک وصول کی گئی ، ہوٹلوں کے کرائے بڑھنے سے ہزاروں لوگ گاڑیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہوئے۔مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان تحاریک کو زیر بحث لایا جائے۔