لاہور (نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مری کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کا آغاز ہوچکا ہے، غفلت کے ذمے داروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی، تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں جو بھی قصور وار نکلا اس کے خلاف قانون کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ ذمے دار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کو روکنے کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کی جا رہی ہے اور اس ضمن میں ایس او پیز پر بھی نظر ثانی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی پر انگلیاں اٹھانے والوں کے دامن داغدار ہیں، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو پائی، پائی کا حساب دیا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے لیڈر بھی فارن فنڈڈ ہیں۔ ادھر دوسری طرف عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں لاہور کینال پر ٹھوکر نیاز بیگ سے جلو تک ٹرام چلانے کے منصوبے کی فزیبلیٹی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے کی فزیبلیٹی کو جلد حتمی شکل دے کر مزید اقدامات کیے جائیں۔
عثمان بزدار