لاڑکانہ ، گاؤں پیار و مگسی میں ڈاکوؤں کا دھاوا ، فائرنگ ، 2 دیہاتی قتل

197

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) پولیس کی مدد کیوں کی؟ تین ڈاکوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے ساتھی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو دیہاتیوں کو قتل جبکہ چار کو زخمی کر دیا، منگل کی شب مسلح ڈاکوؤں نے تحصیل میروخان کے گاؤں پیارو مگسی میں دھاوا بول کر زرعی زمین پر کھانا کھاتے دیہاتیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 6 بچوں کے والد سیف اللہ اور دو بچوں کے والد ندیم کھوسو کو موقع پر قتل جبکہ چار دیہاتی طفیف علی کھوسو، شیراز علی کھوسو، نظام علی بروہی اور کریم جتوئی شدید زخمی ہوئے جنہیں زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی جبکہ مقتول کے نعشوں کی پوسٹ مارٹم میروخان اسپتال سے کروانے کے بعد ورثا نے نعشیں ٹریکٹر ٹرالی پر لاڑکانہ منتقل کرکے ایس ایس پی چوک پر دھرنا دیا جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ احتجاج کے باعث آنے جانے والی ٹریفک جام ہو گئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر مقتول کے ورثا ذوالفقار کھوسو، حبیب اللہ کھوسو، جاوید کھوسو و دیگر کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوتے ڈاکوؤں کا تعاقب کرنے والے پولیس اہلکاروں کے ساتھ مقابلہ ہوا تھا جس میں دیہاتیوں نے پولیس کی مدد بھی کی تھی جس کا ڈاکوؤں نے بدلہ لیا لیکن پولیس تاحال قاتل ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے، دوسری جانب حد کے تھانہ سول لائن کی پولیس نے پہنچ کی مظاہرین کو انصاف کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد ورثا نے دھرنا ختم کردیا۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل ڈاکوؤں کی فائرنگ میں پولیس اہلکار شہید ہونے کے بعد لاڑکانہ اور قنبر پولیس نے تین ڈاکو ہلاک کیے تھے۔ بلوچستان کے شہر جھٹ پٹ کے قریب بائی پاس پر کار سوار مسلحہ افراد نے فائرنگ کرکے کار سوار پرائمری اسکول ٹیچر طارق بگٹی اور ضعیف شخص خمیر بگٹی کو شدید زخمی کردیا اطلاع حد کے تھانہ کی پولیس نے پہنچ کر واقعے کے متعلق تفصیلات معلومات کی بعد ازاں زخمیوں کو علاج کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمی خمیر بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم کسی کام کے سلسلے میں کار میں سوار ہوکر جارہے تھے کہ جھٹ پٹ بائی پاس پر کار سوار مسلح افراد نے ہماری گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا ہے۔