محکمہ جنگلات کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے، ڈی سی ٹھٹھہ

131

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا ہے کہ عدلیہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ جنگلات کی زمینوں سے مکمل تجاوزات اور قبضہ ختم کرنے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ جنگلات کی زمینوں سے تجاوزات ہٹانے، اراضی کو واگزار کرانے اور جنگلات کی اراضی کی میوٹیشن کرنے کے حوالے سے اجلاس کے دوران متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر زیداللہ لغاری ،ڈسٹرکٹ فاریسٹ افسر مینجمنٹ ڈویڑن کراچی رینج اسامہ انور، ڈی ایس پی جمعہ خان پنھور، رینجرز انسپکٹر محمد پرویز، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیار کار اور مختلف متعلقہ افسران موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مجھ سمیت ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز سے رابطے میں رہیں اور اس ضمن میں جو بھی قانونی یا دوسرے مسائل ہیں ان سے ضرور آگاہ کریں تاکہ مزید حکمت علمی تشکیل دی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع سے محکمہ جنگلات کی زمینوں کو 100 فیصد کلیئر کروایا جائے جبکہ اس ضمن میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات کی واہ گزار کرائی گئی اراضی کو مستقبل میں قابضین سے بچانے کے لئے موثر اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔