ملک بھر میں یوریا کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرچکا ہے، بلاول

235

لاہور (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے پاکستانی کسانوں کی موجودہ حالت زار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ہوش کے ناخن لیں، ملک بھر میں یوریا کا بحران سنگین صورت حال اختیار کرچکا ہے، گندم کی فصل کو پانی دینے کے لیے یوریا 1768 روپے کی سرکاری قیمت کے بجائے 3500 روپے تک فی بوری بلیک مارکیٹ میں فروخت ہورہی ہے،پنجاب میں کسانوں کو ڈپٹی کمشنر سے سفارش کے بعد بھی ایک شناختی کارڈ پر فی ایکڑ یوریا کی ایک بوری سرکاری قیمت کے بجائے 2700 روپے تک کی مل رہی ہے، چیئرمین بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں پاکستان پوری دنیا میں یوریا فروخت کرتا تھا اور آج ملک میں یوریا ڈھونڈنا پڑرہی ہے، اگر ملک بھر میں برسات سے قبل کاشت کاروں کو یوریا میسر آجاتی تو فصلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوتا،پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر کے کسانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف 21 جنوری سے ریلیاں نکالے گی، پاکستان پیپلزپارٹی کے کسان یکجہتی احتجاج میں ملک بھر کے کسان نکلیں گے اور حکومت سے اپنے مطالبات منوائیں گے،عمران خان نے ایک زرعی ملک کے زراعت کے شعبے کو تباہ کرکے معاشی دہشت گردی کی ہے جسے کسی قیمت پر معاف نہیں کیا جائے گا،گندم کی بوائی کے سیزن سے ڈی اے پی کھاد 4600 روپے کے بجائے 10 ہزار روپے فی بوری تک فروخت ہورہی ہے اور کوئی پرسان حال نہیں۔
بلاول زرداری