اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام مری جانے سے باز نہیں آ رہے۔ وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ مری میں تاحال بہت زیادہ گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں، جنہیں نکال رہے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ عوام مری جانے سے بازنہیں آرہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ہمیں مزید 10، 15 سیاحتی مقامات بنانے چاہئیں‘ مری میں جگہ چھوٹی ہے اورآبادی بہت زیادہ ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پوری صورتحال کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا، شام 5 بجے ہی مری جانے والے راستے بند کردیے تھے‘ حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر تھے، رینجرز طلب کرنا پڑی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سانحہ مری پر بریفنگ کے دوران بعض وفاقی وزرا ضلعی انتظامیہ کے حق میں بولے تھے۔