سانحہ مری پرن لیگ‘پیپلزپارٹی سیاست نہ چمکائیں‘حسان خاور

201

لاہور(نمائندہ جسارت )ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہاہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سانحہ مری پر سیاسی دکانداری چمکا رہی ہیں،پوری قوم جانتی ہے کہ ن لیگ او رپیپلز پارٹی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔حسان خاور کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پہلے ماڈل ٹاؤن میں14 معصوم جانوں کے قتل کاحساب دیں، شہدا کے لواحقین آج بھی شہبازشریف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھر میں بلک بلک کر دم توڑنے والے معصوم بچے بلاول سے اپنا قصور پوچھتے ہیں،پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ پر حکومت کرتی آرہی ہے لیکن تھر میں معصوم بچے علاج کے بغیر مر رہے ہیں،کئی دہائیو ں تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے شریف خاندان نے اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا۔ مری کے واقعے کی غیرجانبدارانہ انکوائری شروع ہو چکی ہے اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے ذمے داروں کا تعین ہوگا اور ایکشن ضرورلیا جائے گا۔