اسلام آباد(آن لائن،صباح نیوز)آصف زرداری کا پی ڈی ایم کا حصہ بننے سے انکار،ان ہائوس تبدیلی کی حمایت۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پہلے دن سے کہہ رہاہوں کہ ان سے حکومت نہیں چلے گی اور وقت نے میری بات کو سچ ثابت کیا ہے۔منگل کے روز احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں نے آصف زرداری کو گھیرے میں لے لیا اور سوالات کی بوچھاڑ کر دی۔ان ہائوس تبدیلی سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ ’’ انشاء اللہ بہتر ہو گا ‘‘۔ پیپلز پارٹی دوبارہ پی ڈی ایم کا حصہ بننے کے سوال پر آصف زرداری نے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں سمجھتاہوں ، جو عوام کے حالات ہیں ان میں حکومت سے کچھ نہیں ہو سکتا ، میں تو چاہتاہوں کہ یہ حکومت پہلے دن چلی جائے ، یہ نامعقول ہیں ، پہلے دن سے یہ کہہ رہا ہوں کہ ان سے حکومت نہیں چلائی جائے گی اور اب تاریخ نے بھی ثابت کر دیاہے یہ نا اہل ہیں اور نکمے ہیں ، لانگ مارچ سے متعلق اصف زرداری کا کہناتھا کہ مولانا فضل الرحمان پہلے بھی ۔قبل ازیںاسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹی کیس میںسابق صدرآصف علی زرداری کی درخواست ضمانت منظور کر لی ۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کی نیویارک پراپرٹی کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ کیس کی سماعت میں سابق صدرآصف زرداری کے وکیل نے کہا کہ نیب نیویارک پراپرٹی کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابھی تک وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیئرمین نیب کو کسی کو بھی گرفتار کروانے کا اختیار ہے وہ انکوائری کے کسی بھی مرحلے پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کرسکتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے سابق صدر کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ نیب نے اپنے بیان میں وضاحت کردی ہے، لہذا استدعا ہے کہ احتساب عدالت آصف زرداری کی درخواست کو مسترد کرے۔عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔