الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ میں پکڑے جانیوالے 8 والیمز سامنے لائے،شہباز شریف کا مطالبہ

188

اسلام آباد:قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے جانے والے 8 والیمز کو سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

منگل کے روز اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان 8 والیمز میں پی ٹی آئی کے تمام خفیہ بینک اکائونٹس اور غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات موجود ہیں ،8 والیمز خفیہ رکھنا قانوناً جرم ہے ،تمام ریکارڈ بینک اکائونٹس اور فارن فنڈنگ کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات کا مطلب ریکارڈ سامنے لانا تھا اسے چھپانا نہیں، الیکشن کمیشن ریکارڈ چھپانے کے کسی دبائو ،درخواست یا دھمکی کو خاطر میں نہ لائے ،یہ حقائق عوام کی امانت ہیں ،فارن فنڈنگ کیس کا چھپانا عمران خان کے جرم کا منہ بولتا واضح ثبوت ہے ۔سٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے اکائونٹس اور کھاتوں کا جو ریکارڈ ڈھونڈا ہے وہ بے نقاب ہو چکا ہے، پی ٹی آئی آئی امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، فن لینڈ سمیت 6 غیر ملکی تسلیم شدہ بینک اکائونٹس اور دیگر تفصیلات پبلک کی جائیں ،8 والیمز 28 بینک اکائونٹس اور متعلقہ دستاویزات کو چھپایا نہیں جا سکتا، چھپانے والا قانون کی نظر میں مجرم ہے،

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ 7 سال سے یہ ریکارڈ چھپانے کی کوشش جاری ہے لیکن اب مزید یہ سچائی چھپ نہیں سکتی، عمران خان نے 7 سال تک الیکشن کمیشن اور قوم سے حقائق چھپائے ہیں، فارن فنڈنگ کیس کی تمام تفصیلات عوام کو بتانا الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، شہباز شریف نے کہا کہ دوسروں کی 3 نسلوں کا حساب کا مطالبہ کرنے والا اپنے ڈاکے کے 8 والیمز کی تفصیلات چھپانا چاہتا ہے ۔