شہباز شریف کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کریں گے ،فواد چودھری

326

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے نواز شریف کی بیماری کھلم کھلا دھوکا اور فراڈ تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ شہباز شریف نواز شریف کو باہر بھیجنے کے فراڈ میں ملوث ہیں ان  کے خلاف   لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔عدالت سے استدعا کریں گے شہباز شریف نواز شریف کو وطن واپس لائیں  یاانہیں نااہل کیا جائے ۔ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہوں گے، لاک ڈائون کے متحمل نہیں ہو سکتے نہ ہی اسکول بند ہو ں گےان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے  کیا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھاکہ سانحہ مری پر اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے جوسات روز میں رپورٹ جمع کرائے گی۔وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف نے سیاحت کو بڑھانے کی کوشش کی ، پنجاب حکومت نے سانحہ مری پر اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی پانچویں لہر میں لاک ڈاون نہیں لگایا جائے گا اور ملک میں تعلیمی ادارے بھی بند نہیں کیے جائیں گے تاہم صورتحال کو باریک بینی سے مانیٹر کر رہے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کی شرح دگنی ہو گئی ہے تاہم ہماری معیشت لاک ڈاؤن کی متحمل نہیں ہو سکتی۔    عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں  ماسک پہنیں اور  سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔