ایرانی وزیر خارجہ کی افغانستان کے اثاثے منجمد کرنے پرامریکا پرتنقید

265

تہران:ایران نے طالبان کے وزیرخارجہ کے دورے کے موقع پرامریکا سے افغانستان کے فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔طالبان انتظامیہ کے قائم مقام وزیرخارجہ ملا امیرخان متقی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات کی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے افغانستان کے مالی اثاثوں کو انسانی مقاصد کے لیے جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔

امریکا اوردوسرے یورپی ممالک نے طالبان کے افغانستان میں برسراقتدار آنے کے بعد سے یہ اثاثے روک رکھے ہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کا ملک ہمسایہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار کوسرکاری طور پرتسلیم تونہیں کرتا لیکن ایرانی وزیر خارجہ نے افغانستان کے اثاثے منجمد کرنے پرامریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔انھوں نے کہا کہ ان اثاثوں کو انسانی مقاصد اور افغانستان میں لوگوں کے حالات زندگی کی بہتری کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ غیورافغان قوم کی لڑائی نے یہ ظاہرکیا کہ کوئی غیرملکی طاقت افغانستان پرتادیر قبضہ نہیں کر سکتی اور نہ وہاں حکومت کرسکتی ہے۔