شہباز شریف کا فضل الرحمٰن سے رابطہ ،بلاول سے ملاقات ،حکومت مخالف تحریک پر متفق

256

اسلام آباد ( آن لائن+آئی این پی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابط کیاہے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے رابطے میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور ان ہائوس تبدیلی کی حکمت عملی کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف مولانا فضل الرحمان سے ائندہ چند روز میں اسلام آباد میں اہم ملاقات کریں گے ۔علاوہ ازیں پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ۔ جس میں دونوں رہنمائوں نے مالیاتی ضمنی بل پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور اپوزیشن کے تمام اراکین کی حاضری کو یقینی بنانے کے حوالے سے مشاورت کی ۔ ملاقات میں شہباز شریف نے تمام اپوزیشن کو حکومت کے خلاف یکجاہونے اور مل کر تحریک چلانے کی پیشکش کی ۔ بلاول بھٹو نے ضمنی مالیاتی بل کو قومی اسمبلی سے منظور نہ ہونے کے حوالے سے اپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں اور چیئرمین نیب کے نام کے حوالے سے بھی مشاورت کی ۔ دونوں رہنماؤں کا حکومت مخالف تحاریک پر چند دنوں میں وفود کے ہمراہ تفصیلی ملاقات کرنے کا فیصلہ ہو ا جس کے بعد وزیراعظم سمیت اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا جا ئے گا ، اس سلسلے میں دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پیر کو اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ان ہاؤس تبدیلی کے آپشنز کو کامیاب بنانے پر بات چیت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلز پارٹی نے اپنا موقف اپناتے ہوئے کہاکہ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنیکے لیے مرحلہ وار عدم اعتماد کی تحاریک لائی جائیں جبکہ ن لیگ نے اپنے مو قف میں کہاکہ حکومتی اتحادیوں اور ناراض اراکین کو ان ہاؤس تبدیلی کے لیے ساتھ ملانا ہوگا ۔ اجلاس میں طے پایا کہ اپوزیشن کی کمیٹی حکومتی اتحادیوں سے اس معاملے پر ملاقات کرے گی ان ہاؤس تبدیلی کے فارمولے کو حتمی شکل شہباز شریف اور بلاول مل کر دیں گے ۔ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان رابطوں میں بڑی پیشرفت سامنے آنے کے بعد ن لیگ کے قائد نوازشریف نے اپنی جماعت کو اِن ہاؤس تبدیلی کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔