سری لنکا کی چین سے قرضوں کی ادائیگی ری اسٹرکچر کرنے کی درخواست

248

کولمبو: سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپکسا نے اپنے ملک کو مالی مشکلات سے نمٹنے میں مدد دینے کے لیے چین سے قرضوں کی ادائیگی کو ری اسٹرکچر کرنے کی درخواست کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے حوالے سے بتایا گیا کہ انہوں نے یہ درخواست چینی وزیر خارجہ وینگ یی کے ساتھ کولمبو میں ایک ملاقات کے دوران کی۔سری لنکن صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر نے کہا کہ عالمی وبا کووڈ 19 کے تناظر میں بڑھنے والی مالی مشکلات کے حل کے طور پر اگر قرضوں کی ادائیگی کی ری اسٹرکچرنگ پر توجہ دی جائے تو یہ ملک کے لیے بہت بڑا ریلیف ہوگا۔

بیان میں بغیر تفصیلات بتائے کہا گیا کہ گوٹابایا راجاپکسا نے چین سے سری لنکا کے لیے برآمدات پر رعایتی شرائط کی بھی درخواست کی۔چینی وزیر کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب سری لنکا کو اپنی تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے اور اس کے زرِ مبادلہ کے ذخائر ایک ارب 60 کروڑ ڈالر تک کم ہوگئے ہیں جو چند ہفتوں کی درآمدات کے لیے بھی ناکافی ہیں۔