ن لیگ کا سانحہ مری کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

178

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ مری کے بعد حکومت کے خلاف عوام کی نفرت میں اضافہ ہوگیا ہے‘23 افراد کی اموات کی ذمے دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہے جس نے حالات کی پیشگی اطلاعات کے باوجود انسانی زندگیوں کی حفاظت کے لیے کردار ادا نہیں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کی ساڑھے 3 برس سے صرف سیاسی انتقام پر توجہ ہے‘ لوگوں کی جان ومال کے تحفظ پر اُن کی کوئی توجہ نہیں‘ حکومتی غفلت کی وجہ سے جو لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں اس کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ میڈیا گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ حکومت پہلے دن سے لوٹ مار، سیاسی انتقام میں مصروف ہیں‘ اگر حکمرانوں میں ذرہ بھر بھی اخلاقی غیرت ہے تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے‘ عمران ٹولہ ملک چلانے کے قابل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دورحکومت میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ سیر و تفریح کے لیے مری جاتے رہے اور محفوظ بھی رہے مگر موجودہ حکومت کی عوام پر توجہ نہیں‘ عمران خان اپنی حکومت کی گرتی دیوار بچانے میں مصروف ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کو موجودہ حالات اور اپنے کردارکی وجہ سے علم ہوچکا ہے کہ اُن کا کسی وقت بھی دھڑن تختہ ہوسکتا ہے‘ فارن فنڈنگ کیس کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر جو فیصلہ ہوگا اس سے عمران خان اپنی جماعت سمیت نااہل ہوسکتے ہیں اس لیے وہ خود سیاسی طور پر پریشان ہیں ‘ بہتر ہے کہ وہ ایوان اقتدارچھوڑ کرگھر چلے جائیں تاکہ عوام ووٹ کی طاقت سے اہل قیادت کا انتخاب کرسکیں‘ مہنگائی نے عوام کوزندہ درگورکردیا ہے۔
ن لیگ