مری: ریسکیو 1122‘ انتظامیہ‘ متعلقہ اداروں نے صورتحال کوقابوکیا‘ حسان خاور

327

لاہور‘ اسلام آباد (اے پی پی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مری ریسکیو آپریشن سے متعلق کہا ہے کہ شدید خراب موسم میں ریسیکیو 1122، پولیس، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، این ایچ اے اور فوج سمیت تمام متعلقہ اداروں نے مربوط انداز میں صورتحال کی سنگینی میں کمی کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہر پہلو سے تحقیقات مکمل کی جائیں گی اور حکومت اس نظام میں موجود نقائص کی نشاندہی کرکے بہتر سسٹم وضع کرے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے آئندہ ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے انتظامی اقدامات کی منظوری دی ہے جس سے سیاحوں کے لیے مستقبل میں آسانیاں پیدا ہوںگی۔ ان اقدامات میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر، انتظامی افسران کا تقرر، غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام، پارکنگ پلازوں کی تعمیر اور نئے تھانوں کی تعمیر شامل ہیں۔علاوہ ازیںموٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے نے عوام سے گزارش کی کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور ان کا درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال اور دوران سفر مدد کے لیے پولیس کی ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جا سکتی ہے۔
حسان خاور