کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن و انکوائری ٹیم اور پی پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی نے سانحہ مری پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہم وطنوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر آج ہر پاکستانی کا دل رنجیدہ اور غمگین ہے۔وقار مہدی نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اپنے بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ المناک سانحے کی ذمے دار حکومتِ وقت ہے۔اتنا بڑا سانحہ رونما ہوگیا لیکن پی ٹی آئی کے وزرا سیاحوں کو مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ مری پر سلیکٹڈ حکمران کی بے حسی عیاں ہوگئی ہے۔عمران خان نے نااہلی، نالائقی، لاپروائی، خود غرضی اور ہٹ دھرمی کے تمام رکارڈ توڑ دیے۔ وقار مہدی نے کہا کہ آج ہر محب وطن پاکستانی ان سے نجات کی دعائیں مانگ رہا ہے۔وقار مہدی نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے باوجود حکومت نے احتیاصی اقدامات نہیں کیے۔22 قیمتی جانوں کے ضیاع کی ذمے دار عمران خان کی حکومت ہے۔