کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہم اور ہماری اولادیں بلاول زرداری کی غلامی نہیں کریں گی۔ ہم غلامی کی ذلت آمیز زندگی پر عزت کی موت کو ترجیح دینے والے لوگ ہیں۔ پیپلزپارٹی کی بداعمالیوں کے باعث سندھ اور اس کے دارالحکومت کراچی کا معاملہ کوئی مقامی معاملہ نہیں رہا بلکہ یہ پاکستان کی قومی سلامتی، معیشت اور سا لمیت کے لیے واضح خطرہ بن گیا ہے۔ پی ایس پی ملک میں خاموش انقلاب کی بنیاد ڈالنے جارہی ہے۔پاک سر زمین پارٹی 30 جنوری کے احتجاجی مارچ سے کراچی کے حقوق یا تو لے کر اٹھے گی یا پھر ہم موت کو گلے لگائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 30 جنوری کے احتجاجی مارچ کے حوالے سے پاکستان ہاؤس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، اراکین نیشنل کونسل اور ڈسٹرکٹ انچارجز کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔