سانحے کے بعد مری کی رونقیں ختم،ویرانی اور سناٹا چھاگیا

348

راولپنڈی (آن لائن)سانحے کے بعد مری کی رونقیں ختم ہوگئیں ، ملکہ کوہسار میں مکمل ویرانی اور سناٹا چھا گیا۔جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور اہلیان راولپنڈی نے سانحہ کی غیر جانبدارانہ جوڈیشل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اس سانحے کی تمام تر ذمے دار پنجاب حکومت ،مری کے اراکین اسمبلی ، راولپنڈی و مری کی انتظامیہ اور مری کا ہوٹل مافیا ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ نااہل انتظامیہ اور مافیا کی مبینہ ملی بھگت سے ٹول پلازہ پر وصولیوں سے لے کر ہوٹلوں اور بیت الخلائوں کے کرایوں اور کھانے پینے کی اشیا کی 1 ہزار گنا زائد وصولی اور لالچ نے کئی گھروں کے چراغ گل کر دیے۔مری کے مقامی نوجوان نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران انہوں نے بچوں اور خواتین سمیت برف میں دبے37افراد کو مردہ حالت میں نکالا۔ نوجوان نے دعویٰ کیا کہ اموات کی تعداد اس سے زیادہ ہے، ابھی بہت سے مقامات ایسے ہیں جہاں پرہفتہ کی رات تک برف ہٹانے کا کام ہی نہیں کیا جاسکا تھا۔ اس نوجوان نے مزید بتایا کہ مری کے ایک ہوٹل نے ایک فیملی سے رات قیام کے عوض کرائے کی مد میں72ہزار روپے کرایہ وصول کیا۔