مری میں اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلز کے خلاف کارروائی کا حکم

479

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

زیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر راولپنڈی کو مقررہ کرائے سے زیادہ وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور متعلقہ حکام اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں،

انہوں نے ہدایت کی کہ کھانے پینے کی اشیاء اور رہائش میں اوورچارجنگ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اوورچارجنگ کاروبار نہیں بلکہ لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں، انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق خرید و فروخت یقینی بنائے،  سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل مری میں برفانی طوفان اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی تھی، جبکہ ہوٹل مالکان کی جانب سے کرایوں میں کئی کئی گناہ اضافہ کردیا گیا تھا، جس کے باعث لوگ سڑکوں اور گاڑیوں میں رات گزارنے پر مجبور ہوگئے، جبکہ 20 سے زائد افراد سخت سردی اور گاڑیوں میں پھنس جانے کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔