مری کے تمام راستے کھول دیئے گئے ہیں، آئی ایس پی آر

407

 مری:مری میں شدید برفباری کے باعث مرکزی سڑکوں پر پڑی برف ہٹانے اور راستوں کو کھولنے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ملحقہ راستوں سے برف ہٹانے اور آمدورفت کی بحالی کا کام جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام راستے ہر طرح کی نقل و حرکت کے لیے کھولے جاچکے ہیں کھلنا اور باریاں کے راستے بھی کلیئر کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی راستے کلیئر کرنے کے بعد فوجی انجینئرز لنک روڈز پر توجہ دے رہے ہیں، ریلیف کیمپس اور طبی سہولیات بھرپور صلاحیت کے ساتھ کام کررہے ہیں جبکہ پھنسے ہوئے لوگوں کو فوجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا جا رہا ہے۔۔

واضح رہے کہ مری اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جمعہ کی شب شدید برفباری کے باعث بڑی تعداد میں سیاح سڑکوں پر ہی پھنس گئے تھے۔شدید برفباری میں پھنسے سیاحوں میں سے 22 کے قریب افراد بند گاڑیوں میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے تھے، جن کی لاشیں گذشتہ رات ہی آبائی علاقوں کی جانب سے روانہ کر دی گئی تھیں۔