وزیراعظم تو کیا شہباز شریف رکن اسمبلی بھی نہیں بن سکتے ،فواد چودھری

64

لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ غلط بیان حلفی جمع کرانے پر شہباز شریف کو جیل جانا چاہیے‘ شہباز شریف اپنی سیٹ کی فکر کریں‘ وزیراعظم بننا بھول جائیں‘ وہ ایم این اے بھی نہیں بن سکتے‘ مولانا فضل الرحمن، شہباز شریف اور بلاول کی آئیڈیالوجی آپس میں نہیں ملتی‘ اپوزیشن چوں چوں کا مربہ ہے‘ یہ اسلام آباد آئے تو انہیں علیحدہ علیحدہ خیمے لگا کر دیں گے تاکہ یہ آپس میں نہ لڑیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے مری میں شدید موسمی حالات پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی‘ شاہد خاقان عباسی جس حلقے سے منتخب ہوئے، انہیں اپنے لوگوں کی مدد کے لیے وہاں جانا چاہیے تھا لیکن وہ پنڈی میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے رہے‘ مریم نواز نے بھی بے حس سیاست کی‘شہباز شریف نے غلط بیان حلفی جمع کرایا، اگلے ہفتے وفاقی حکومت کی طرف سے لاہور ہائی کورٹ میں اس ضمن میں کیس فائل ہو جائے گا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سزا ہو چکی ہے‘ شہباز شریف اور حمزہ شریف کے کیسز عدالتوں میں ہیں‘ اگلے 6 سے 8 ماہ میں بڑی مچھلیاں اس تالاب سے باہر ہوں گی‘ اگلے انتخابات میں یہ لوگ نہیں ہوں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ زرداری صاحب سے اومنی اکائونٹس کیس میں12 ارب روپے سے زاید کی ریکوری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین نے پارٹی کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، شادی وغیرہ کی تقریبات میں گپ شپ ہوتی رہتی ہے۔