اسلام آباد(صباح نیوز)سانحہ مری پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما ء وفاقی وزراء پر پھٹ پڑے، مری میں قیامت برپا تھی اور وزراء شہباز شریف کی گرفتاری کی باتیں کررہے تھے۔ یہ بات مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی میڈیا سے گفتگواور مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹوئٹ میں کی۔میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مری میں سیاحوں کی اموات پر افسوس ہے، ریکارڈ برفباری سے متعلق محکمہ موسمیات ایک ہفتہ قبل بتا چکا تھااب یہ جھوٹ سے نہیں چھپ سکتے یہ آپ کی غفلت ہے۔ اربوں روپے کی مشینری مری میں موجود ہے، وزرا لوگوں کی مدد کریں ان پر الزام نہ لگائیں۔انتظامیہ پھنسے نہیں پہنچ سکی اور مقامی افراد سیاحوںکی مدد کرتے رہے،حکمرانوںکو عوام کی فکر نہیں یہ صرف اپنی حکمرانی کو طول دینے کیلیے بیٹھے ہیں۔علاوہ ازیں خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزراء پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب
مری میں قیامت برپا ہے اور دوسری جانب وفاقی وزرا پریس کانفرنس میں شہباز شریف کو جیل بھیجنے کے دعوے کر رہے ہیں۔بے حس وفاقی وزرا کے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ندامت، شرمندگی یا افسوس کے بجائے مسکراتے چہرے دکھائی دیے، اور سانحے کی ذمے داری قبول کرنے کے بجائے شاہد خاقان عباسی کو ریسکیو کام کرنے کا مشورہ دیا گیا۔وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزرا گھنٹوں تنظیم سازی اجلاس میں مصروف رہے،انہوںنے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ تم کہاں ہو،اگر شہباز شریف ہوتا تو مری میں کھڑا ریسکیو کر رہا ہوتا۔