لاہور (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ق لیگی قائدین نے کہا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ لوگ شدید برفباری اور ٹریفک کی بدترین صورتحال کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے اور اگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی غفلت سامنے آتی ہے تو اس پر تادیبی کارروائی کر کے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ مری کا رخ کر رہے ہیں انتظامیہ کو پتا ہونا چاہیے تھا کہ وہاں حفاظتی اور ٹریفک کے انتظامات کیلیے کن اقدامات کی ضرورت ہے ۔