ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت)محکمہ اریگیشن کی نااہلی، بغیر اطلاع نہریں بند کردی گئیں، ٹھٹھہ مکلی میں پانی کا سخت بحران پیدا ہوگیا، مساجد امام بارگاہوں میں وضو تک کے لیے پانی موجود نہیں ٹینکر مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنے میں مصروف۔ ٹھٹھہ مکلی اور دیگر علاقوں گزشتہ 4 دنوں سے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ محکمہ اریگیشن ٹھٹھہ ہے جس نے بغیر کسی اطلاع نہروں کا پانی بند کردیا ہے چند سال پہلے باقاعدہ طور پر اطلاع دی جاتی تھی عوام پانی اسٹاک میں رکھیں نہریں بند کی جائیں گی مگر اب گزشتہ 3 سالوں سے عوام کو بغیر اطلاع دیے نہروں کو بند کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے عوام کو سخت دشواری ہوتی ہے گزشتہ 4 دنوں سے پانی کی قلت کی وجہ سے ٹینکر مافیا دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹ رہی ہے اور منرل واٹر کمپنیوں کے بھی وارے نیارے ہوگئے ہیں مساجد اور امام بارگاہوں میں وضو تک کے لیے پانی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ اور اریگیشن ٹھٹھہ کی نااہلی کی وجہ سے گزشتہ چند سالوں سے مکلی ٹھٹھہ کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے مگر عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔