دادو،طالبہ نے بلیک میلنگ سے تنگ آ کر خودکشی کر لی

332

دادو(نمائندہ جسارت) سیتا روڈ کی رہائشی اور پیپلزمیڈیکل کالج نوابشاہ کی فائنل ائر کی طالبہ 21 سالہ عصمت جمیل طور نے پڑوسی شخص شمن سولنگی کی جانب سے جعلی نکاح نامہ کے ذریعے بلیک میل کرکے رقم بٹورنے کے آئے روز مطالبات سے تنگ آکر خودکشی کرلی ۔واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد دیتا روڈ پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر مقامی اسپتال منتقل کیا،پوسٹ مارٹم کے مطابق طالبہ نے ابتدائی طور پر بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کی ہے سینے پر بندوق کے کارتوس کے چھرے لگے ہوئے تھے جو اس کی موت کا سبب بنے۔لڑکی کے بھائی نادر طور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صبح 9 بجے سوئے ہوئے تھے اچانک فائر کی آواز آئی جس پر سب اُٹھے تو بہن نے کمرے میں خودکشی کرلی تھی۔ دوسری جانب بلیک میلنگ کے خلاف لڑکی کے والد خالد جمیل طور نے تھانہ سیتا پر 2 روز قبل ملزم شمن سولنگی، جعلی نکاح نامہ بنانے والے مولوی شاہد اور دیگر کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا ہوا تھا ایف آئی آر میں لڑکی کے والد نے موقف اختیارکیا کہ ملزم شمن سولنگی جعلی نکاح نامے کے ذریعے بیٹی کو بلیک میل کرکے رقم لیتا تھا جس کے باعث بیٹی نے خودکشی کی،عدالت سے رجوع کرنے کے بعد ملزمان درخواست واپس لینے کے لیے ڈرا دھمکا رہے تھے۔