سکھر،کمشنر کا کورونا ہدف اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ

101

سکھر( نمائندہ جسارت) کورونا کی نئی لہر کے سلسلے میں کمشنر سکھر ڈویڑن شفیق احمد مہیسر کی زیر صدارت اہم اجلاس کیمپ آفس سکھر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرونا ویکسی نیشن کا ہدف سو فیصد حاصل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ، ڈی سیز، ڈی ایچ اوز، ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اچانک دورے کے دوران لاپرواہی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی، نتائج ہر صورت میں مثبت آنے چاہیں، آفیسر منصوبہ بندی کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں گے۔ کمشنر سکھر ڈویڑن نے سندھ ہیلتھ کئیر کمیشن کے افسران کو ہدایت دی کہ ڈویڑن کے تینوں اضلاع میں مکمل تعاون کریں۔ نجی اور سرکاری اسکولوں میں ویکسین کا عمل تیز کرنے کے ساتھ پلان کے سلسلے میں آگاہی دینے کے پابند ہونگے۔ اجلاس میں خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، اے ڈی سیز، ڈی ایچ اوز، ایم ایس، پی پی ایچ آئی، ڈی پی سی آر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر سکھر ڈویڑن نے کہا کہ کورونا ویکسین کو مزید موثر بنانے کے لیے خاص توجہ دیتے ہوئے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو آبادی کے لحاظ سے مقرر کیا جائے۔ کمشنر سکھر ڈویڑن نے کہا کہ سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں نگرانی کا عمل تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو فیلڈ میں دیکھنا چاہتاہوں اچانک دورے کے دوران تمام تر صورتحال پر ڈی سیز اور ڈی ایچ اوز ذمہ دار ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں مکمل طور پر عمل درآمد کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے جس میں کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہوگا۔ کمشنر سکھر ڈویڑن نے مزید کہا کہ ویکسین مہم کے دوران افرادی قوت میں اضافے کے لیے سماجی تنظیموں، پی پی ایچ آئی، ہیلتھ کئیر کمیشن سمیت دیگر کو آن بورڈ لیا جائے۔