اسلام آباد (آن لائن) جے یو آئی کا 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے 5 فروری کو ہکلہ انٹرچینج پر ریلی اور موٹروے کے افتتاح کی بھی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید استوار کرنے کے لیے بڑی ریلی سے ہکلہ انٹرچینج سے مغربی روٹ کے آخر تک جانا چاہیے، مغربی روٹ منظور کروانے کیلیے ہم نے مقدمہ لڑا، نااہل حکمرانوں کو اس روٹ کے افتتاح کا کوئی حق نہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ڈی آئی خان موٹر وے عوامی منصوبہ ہے اور اس کا افتتاح بھی عوام کریں گے، عوام کی جانب سے افتتاح سے چین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چین کو میں نے یقین دلایا تھا کہ پاکستان آپ کو بلیک میل نہیں کرے گا، چین کے ساتھ برادرانہ تعلقات تجارتی دوستی میں تبدیل ہوئے لیکن حکمرانوں کی نااہلی سے تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ برادرانہ تعلقات بھی متاثر ہوئے۔