این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات لگاتار پیشگوئی کرتا رہا ،حکمرانوں نے توجہ نہ دی ،شاہد خاقان عباسی

266

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات کئی دنوں سے لگاتار پیشنگوئی کر رہا تھا کہ مری، گلیات سمیت ملحقہ علاقوں میں شدید برف باری ہو گی، اس کیلئے تیاریاں ابھی سے کرلی جائیں، لیکن نہ تو وزیراعلیٰ پنجاب نے اس طرف توجہ دی اور نہ ہی مری سے چند فٹ کے فاصلے پر ڈمی وزیراعلیٰ کو چلانے والے وزیراعظم عمران خان نے کوئی توجہ دی، جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ رونما ہوا اور اکیس سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے۔ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں پریس کانفرنس سے خطاب نہیں کرنا چاہتا تھا لیکن حکومت کی بے حسی پر مجبور ہو کر حکومت کی توجہ دلانے کیلئے میڈیا سے گفتگو کر رہا ہوں، ہم نے برفباری میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر جاری کیں، مری، گلیات کے عوام نے حسب سابق اپنی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے برفباری میں پھنسے ہوئے لوگوں کو گاڑیوں سے نکالا، اپنے گھروں میں لے گئے اور ان کی مدد کی لیکن ابھی تک مری، گلیات، باڑیاں اور ایبٹ آباد میں ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں جہاں پر نہ تو انتظامیہ پہنچ پائی ہے اور نہ ہی میڈیا کی دسترس، اس لئے کوئی اندازہ نہیں کہ وہاں پر لوگوں کے ساتھ کیا واقعہ پیش آیا اور کتنی ہلاکتیں ہوئیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کو طول دینے کے چکر میں ہیں، انہیں عوام سے کوئی غرض نہیں، وہ تو کہتے ہیں کہ مہنگائی کوئی مسئلہ نہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسانوں کو یوریا کھاد تک دستیاب نہیں ہے، ہر شعبہ زندگی زوال پذیر ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں ابھی تک امدادی کارروائیاں شروع نہیں کی جا سکیں، کمشنر ایبٹ آباد سمیت انتظامیہ غائب ہے، لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، لوگوں کے پاس نہ کھانے کو ہے اور نہ ہی پینے کو پانی دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ باڑیاں سمیت کئی علاقوں میں چار دن سے بجلی غائب ہے،گلیات اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بڑے بڑے درخت لوگوں کے گھروں پر گر چکے ہیں، امدادی کارروائیاں نہیں کی جا رہیں، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محمود خان خواب غفلت کا شکار ہیں جبکہ لوگ مر رہے ہیں اور حکومت عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے تیار نہیں۔