پنجاب حکومت کی غفلت کے باعث لوگ سردی سے مررہے ہیں ، حمزہ شہباز

339
نالائق حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائیں گے، حمزہ شہباز

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما  حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں،رات کو لوگ سردی سے ٹھٹھر کر مرتے رہے اور پنجاب حکومت اور انتظامیہ نیند کے مزے لوٹتی رہی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی اجازت ہی کیوں دی گئی،اگر حکومت گاڑیوں کا داخلہ روکنے میں ناکام رہی تو پھر پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو ہی کر لیا جاتا۔ کیا وزیراعلی کا ہیلی کاپٹر عوام کی جانیں بچانے کے لئے استعمال نہیں ہو سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پوری انتظامی مشینری کو انسانی جانیں بچانے پر کیوں نہیں لگایا گیا،رات جب ہلاکتوں کی خبریں آنا شروع ہو گئیں تب بھی نااہل حکومت کے کان پر جوں نہ رینگی۔ حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نااہلی کے باعث یہ انسانی سانحہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ڈینگی کے سلسلے میں بھی نا اہلی کے باعث 26 ہزار سے زائد کیسز اور 150 کے قریب ہلاکتیں ہوئیں،یہ حکومت لوگوں کی جان کا تحفظ کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے،کٹھ پتلی وزیراعلی اور اسلام آباد میں بیٹھ کر ڈوریں ہلانے والا وزیراعظم اس المیے کے ذمہ دار ہیں،لوگوں کی جان بچانے میں ناکامی پر ان تمام افراد کو استعفیٰ دینا چاہیے۔