خرم شیرزمان نے بلاول کے لانگ مارچ کو ڈھونگ قرار دیدیا

247

کراچی (آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان نے بلاول زرداری کے لانگ مارچ کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلاول زرداری لانگ مارچ کس بنیاد پر کررہے ہیں؟ بلاول صوبائی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں اسی لیے لانگ مارچ کا ڈرامے کررہے ہیں۔ پارٹی سیکرٹریٹ انصاف ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ کے لوکل گورنمنٹ کے منسٹر پنجاب میں تقریریں کررہے ہیں، یہ منسٹر سندھ کے سب سے نالائق اور ناکارہ منسٹر ہیں۔ سندھ کے لوگوں کے پیسوں سے لانگ مارچ کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پی پی کی نالائقی کا عالم یہ ہے کہ سندھ کے ہزاروں اسکول بند کیے جارہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں نیب اور ایف آئی اے ان اسکولوں کے اخراجات کی تحقیقات کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم صفدر پریشان ہے کہ وہ کیا کرے، یہ وہ بلی ہے جسے خواب میں چھیچھڑے نظر آتے ہیں۔ مریم سے کہوں گا کہ سب سے پہلے فون پر بات کرنا چھوڑدیں۔ مریم لوگوں کو گھر بلاکر سامنے بات کرلیا کریں۔ مریم نے صحافیوں کی تذلیل کی ہے۔ مریم نواز نے عزت دار لوگوں کی پگڑیاں اچھالی ہیں، مریم نواز میڈیا کو اپنا غلام سمجھتی ہیں۔