لاہور(جسارت نیوز)آل پاکستان واپڈا انٹریونٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ جمعہ کو کھیلا گیا جس میں فیسکو فیصل آباد کی ٹیم نے کیسکوکوئٹہ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں10 گول سے شکست دیدی۔افتتاحی تقریب کے موقع پرایڈیشنل چیف انجینئر فیسکو جھنگ سرکل نذرمحمد ڈب نے کہا کہ اسپورٹس کسی بھی معاشرے، قوم اور ملک کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں کیونکہ اگر کسی ملک کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں تووہاں کے اسپتال ویران ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کے مختلف یونٹس کے درمیان کھیلوں کے فروغ سے ملازمین میں اسپورٹس مین ا سپرٹ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے جوصحت مند معاشرے کی تعمیر کیلئے اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ فیسکوکی طرف سے اسپورٹس کے فروغ کیلئے تمام ممکن وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں تاکہ کھلاڑی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوا اور فیسکو کا نام ملکی و بین الاقوامی سطح پر روشن کر سکیں۔اس موقع پر منیجر فیسکوہاکی ٹیم زبد الضیا، ا سپورٹس آفیسر فیسکو محمد ارشد، ایکسین فرسٹ ڈویژن جھنگ سید سلیم شاہ، ایکسین سیکنڈ ڈویژن جھنگ مدثر علی شیخ، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ منظور بھٹہ پی آر رپیریزینٹیٹومحمد عمران بلوچ، آفیشلز اور تماشائیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔