دبئی(جسارت نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے ٹی 20 میچز کی پلے انگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کردیں جسکا اطلاق ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 میچ سے ہو گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سلو اوور ریٹ پر دورانِ میچ ہی سزا کا قانون نافذ کردیا۔ آئی سی سی کے نئے قوانین کے مطابق ٹی 20 میچز میں سلو اوور ریٹ والی ٹیم کو میچ کے دوران ہی سزا ملے گی۔قوانین کے مطابق دونوں اننگز میں آخری اوور کی پہلی گیند مقررہ وقت کے اندر پھینکنا ضروری ہو گا، مقررہ وقت تک اوورز مکمل نہ ہونے پر دائرے سے باہر ایک فیلڈر کم ہو جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق سلو اوور ریٹ اور آپشنل پانی کے وقفے کی کنڈیشنز میں ردو بدل کیا گیا ہے جس کے تحت ٹی 20 انٹرنیشنل میں سلو اوور ریٹ پر پنالٹی کو متعارف کرایا گیا ہے۔آئی سی سی کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی پنالٹی کے تحت سلو اووریٹ کے نتیجے میں فیلڈرز اننگز کے باقی اوورز میں 30 یارڈر کے دائرے کے اندر رہیں گے۔آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کے لیے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔آئی سی سی کے ٹی 20کے لیے نئے قوانین کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئر لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔آئی سی سی کے اس قانون کے لیے تجاویز گزشتہ سال دی گئی تھیں۔