کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سندھ میں تیل، زراعت سب کچھ ہے لیکن سیاسی کلچر نے نقصان پہنچایا ہے، داخلے پرچی پر ہو رہے ہیں اور اب پرچی کے جگہ پیسے نے لے لی ہے، رشوت کے عوض نوکریاں تقسیم ہو رہی ہیں، سندھ میں اب تو تبادلے بھی پیسوں پر ہوتے ہیں، بلدیاتی بل کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائیگا، معاملہ حل نہ ہوا تو بات سڑکوں پر کی جائے گی، پاکستان میں انقلاب ڈیجیٹل اکانومی سے آئے گا، سندھ کے7 اضلاع میں 1905 کلو میٹر آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے شروع کیے جاچکے ہیں۔ جمعے کو سندھ کے 5 اضلاع کیلیے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے 2 منصوبوں پر معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سندھ کو سیاسی کلچر نے نقصان پہنچایا ہے، پرچی کی جگہ رشوت نے لے لی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے نوجوان دنیا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مردم شماری ہم جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کرنے جارہے ہیں تاکہ مہینے یا سال نہیں بلکہ فوری ڈیٹا کی بنیاد پر تیار ہو۔ہر روز شام تک اس کا ڈیٹا آئے گا۔ٹیکنالوجی ہمیں سیاسی طورپر مضبوط بنائے گی۔ سب سیاسی جماعتیں اس ٹیکنالوجی سے متفق ہیں لیکن سیاست کیلیے نہیں مان رہیں۔