کوئی وزیراعظم نہیں ،ملک آئینی و قانونی خلاء میں چل رہا ہے،شہباز شریف

171

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی افراد اور کمپنیوں سے غیر قانونی پیسہ لینے والے ایٹمی پاکستان کے لیے خطرہ ہیں۔ اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور قانون کے تحت کوئی چور اور جھوٹا وزیراعظم نہیں ہوسکتا‘ یہ آئین، قانون اور سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ چور اور جھوٹا ثابت ہو جانے والے عمران نیازی اپنے عہدے سے خود ہٹ جائیں اور استعفا دے کر گھر جائیں‘ غیر قانونی فارن فنڈنگ کیس میں کسی مغربی ملک میں رپورٹ آتی تو وزیراعظم استعفا دے چکا ہوتا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ عمران نیازی نے چوری کی اور جھوٹ بولا، اور وہ صادق اور امین نہیں ہیں، کمیٹی نے یہ قانون بھی واضح کیا ہے کہ حقائق چھپانے، چوری کرنے اور جھوٹ بولنے والا آئینی، حکومتی اور سیاسی عہدہ نہیں رکھ سکتا‘ اگر یہ قانون نوازشریف جیسے مقبول عوامی وزیراعظم پر لاگو ہوسکتا ہے تو عمران نیازی پر کیوں نہیں ہوسکتا‘ نوازشریف کے خلاف پاناما کی جے آئی ٹی بن سکتی ہے‘ عدالت عظمیٰ کے فاضل جج نگران ہو سکتے ہیں تو عمران نیازی کے لیے ایسا کیوں نہیں ہے‘ نوازشریف کے خلاف مقدمے کی طرح عمران نیازی کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کی جائے‘ آئین اور قانون کے مطابق قانون کا یکساں اطلاق ایک لازمی تقاضا ہے جسے پورا ہونا چاہیے‘ عمران نیازی اور ان کی جماعت پر قانون کے تحت یہ فرد جرم الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے عاید کی ہے۔