کوئٹہ پیکج کے منصوبوںکو جلد مکمل کریںگے، وزیراعلی بلوچستان

201

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچادیا جائے گا، عوامی حکومت کوئٹہ میں شہری مسائل کو حل کرنے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سریاب، قنبرانی اور سبزل روڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی بلوچستان بارش کے جمع پانی سے پیدل گزر کر دوسری جانب پہنچے اور علاقے کے لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو انہیں حل کرنے کے احکامات دیے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بارش سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ واضح رہے وزیراعلی کے دورے کے دوران روٹ لگایا گیا اور نہ ہی ٹریفک روکا گیا، ٹریفک وزیراعلی کے کانوائے کے ساتھ ساتھ رواں دواں رہا۔