کراچی(اسٹاف رپورٹر) ’’کراچی کو حق دو ‘‘ اور ’’گوادر کو حق دو‘‘ تحریک کے بعد ’’اب جاگ میرا لاہور مہم‘‘ شروع کردی گئی ہے ۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے لاہور میں جاری مہم کے سلسلے میں کہا ہے کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ملک بھر میں خواتین اور بچوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ’’اب جاگ میرا لاہور مہم‘‘ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ سے زاید آبادی والا تاریخی شہر لاہور بدترین مسائل کا شکار ہے۔شہری بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ دردانہ صدیقی نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت سندھ اسمبلی کے باہر جاری دھرنے کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ دراصل حقوق کی جدوجہد ہے جو مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔ صوبے اور وفاق کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے 3 کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی کا انفرا اسٹرکچر مسلسل زبوں حالی کا شکار ہے اور مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں جبکہ بحالی کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔کراچی کا ڈومیسائل رکھنے والے بچوں کو نہ سرکاری اداروں میں نوکریاں ملتی ہیں اور نہ داخلے ملتے ہیں، میرٹ کی دھجیاں بکھیر دی جاتی ہیں اور ان کے حصے میں صرف 2 فیصد کوٹا آتا ہے۔