کشمیریوں کی تین نسلوں نے عظیم قربانیاں دیں، شاہ محمود قریشی 

399

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73 سال مکمل ہوگئے کہ تنازع جموں وکشمیر آزادانہ وغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے حل ہوگا۔

 5 جنوری 2022، کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے  کہا  آج اقوام متحدہ کے اس وعدے کو 73 سال مکمل ہوگئے کہ تنازعہ جموں وکشمیر آزادانہ وغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے حل ہوگا۔

انہوں نے کہا 5 جنوری 1949 کو اپنی قرارداد کے ذریعے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول کی حمایت کی تائید و توثیق کی تھی۔  انہوں نے کہا  استصواب رائے بنیادی حقوق میں سے ایک ہے جو اقوام متحدہ کے منشور سمیت تمام بڑے انسانی حقوق کے قاعدوں اور قوانین میں درج ہے۔ انہوں نے کہا   غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں اس حق کا انکار اور کشمیریوں کی محکومی انسانی عظمت ووقار کو تسلیم نہ کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا  بدقسمتی سے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جبرواستبداد کی وجہ سے کشمیریوں کو یہ حق تاحال نہیں مل سکا۔ انہوںنے کہا   گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیریوں کی تین نسلوں نے اپنی منصفانہ جدوجہد کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ان کی انسانی عظمت و وقار کی روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔